تازہ ترین

Post Top Ad

Friday, December 27, 2019

حکمران ملک کے ساتھ کیا کرنا چاہ رہے ہیں؟


تحریر: عبدالرحمن ثاقب (سکھر)
یہ حکومت ملک کے ساتھ کیا کرنا چاہ رہی ہے۔ عمران احمد نیازی بڑے بلند وبانگ دعوے کیا کرتے تھے کہ میرے پاس بڑی اچھی ٹیم ہے لیکن وہ ٹیم پتہ نہیں کہاں چلی گئی اور آج نیازی حکومت میں کوئی بھی پی ٹی آئی کا بنیادی ورکر نظر نہیں آتا بلکہ مختلف جماعتوں سے مستعار لیے ہوئے افراد کا جم گٹھا ہی نظر آتا ہے جو اپنے ماضی کے داغوں کو چھپانے کےلیے تحریک انصاف کی چھتری تلے جمع ہیں اور پوری ٹیم نے مل کر تحریک انصاف کے ایجنڈے کو مکمل طور پر ناکام ایجنڈا ثابت کردیا ہے۔
شاید کہ عمران نیازی کو اپنے بنیادی ساتھیوں پر اعتماد نہیں یا انہیں حکومت کرنے کے قابل سمجھا ہی نہیں گیا۔ بسا اوقات محسوس ہونے لگتا ہے کہ عمران نیازی اپنے بیرونی آقاؤں کے اشارے پر بیرون ملک سے لوگوں کو بلا کر ملک و قوم پر مسلط کررہے ہیں حالانکہ ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں۔
حکمرانوں نے منتخب ہونے سے پہلے ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر بنا کر دینے کا دعویٰ کیا تھا اور اس بھی پر تاریخی یوٹرن لے لیا گیا کسی کو گھر نوکری اور گھر تو نہ ملا ہاں لاکھوں کو افراد کو ان کے مکانات اور جھونپڑیاں گرا کر بےگھر کردیا گیا اور نا اہل ٹیم کی نا اہلیوں اور مس مینجمنٹ کی وجہ سے انڈسٹری کو جو نقصان پہنچا اس کی بنا پر لاکھوں افراد کی ملازمتیں ختم ہوئیں اور ملک میں بیروزگاری کا طوفان اٹھ کھڑا ہوا۔
سب سے پہلے ایک مرتد قادیانی عاطف میاں کو اقتصادی مشیر مقرر کیا گیا جس کو قوم نے احتجاج کے ذریعہ مسترد کردیا۔ اس کے بعد اسد عمر جس کی تعریف و توصیف میں عمران نیازی آسمان و زمین کے قلابے ملایا کرتا تھا کہ یہ بڑا معاشی ماہر ہے کو وزارت خزانہ سے ہٹا کر اس کی جگہ عالمی ساہوکاروں کے ملازم حفیظ شیخ کو مقرر کردیا اسی طرح سے اسٹیٹ بینک کا گورنر اور ایف بی آر کا چیئرمین بھی امپورٹ کرکے مسلط کردیا گیا۔ ایسے ہی آن لائن گوگل ایڈسنز کا کام کرنے والی لڑکی کو اٹھا کر آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ میں لا کر بٹھا دیا گیا اور کام کرنے والوں کو نکال دیا گیا۔ اگر نوکری ملی تو عمران نیازی کے بیرون ملک رہنے والے یاروں کو ملی جس کی مثال زلفی بخاری ہے وگرنہ یہاں تو ایسے حالات پیدا کردیے گئے کہ روزگار کے دروازے بند ہوگئے اور فیکٹریوں پر تالے لگ گئے اور لاکھوں افراد جو برسرروزگار تھے وہ بے روزگار ہوگئے۔
ضرور پڑھیں:   کھودا پہاڑ، نکلا چوہا
اب نیازی حکومت کا تازہ کارنامہ یہ ہوا ہے کہ امریکہ کے پکے وفادار ڈاکٹر معید یوسف کو بلا کر مشیر قومی سلامتی بنادیا گیا ہے اور اس کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر مقرر کیا گیا ہے اور اس شخص کی امریکہ سے وفاداری پر امریکہ خود تصدیقی مہر ثبت کرچکا ہے اور اس کے ذمہ وہ شعبہ ہے جو ہمارے ایٹمی اثاثوں کا شعبہ ہے۔
نجانے یہ حکومت کس کے اشاروں پر کام کررہی ہے اور کس کو خوش کرنا چاہ رہی ہے۔ ان اقدامات سے سنجیدہ فکر اور محب وطن طبقہ میں شدید تشویش پائی جاتی ہے کہ حکمران ملک کو کس سمت میں لے جارہے ہیں اور ملک و قوم کے ساتھ کیا کرنا چاہتے ہیں؟



  نوٹ:
            مقالہ نگار کے ساتھ’’انتخاب اردو‘‘ ٹیم کا اتفاق رائے رکھنا ضروری نہیں ہے۔
            سائٹ پر کوئی اشتہار دیا گیا تو نیک نیتی کی بنیاد پر دیا جاتا ہے، مشتہر کے ساتھ لین دین وغیرہ معاملات کے ذمہ دار نہیں۔
            آپ بھی اپنی تحریروں کو ’’انتخاب اردو‘‘ کی زینت بنانا چاہیں تو ای میل کریں:
              intikhaburdu@gmail.com



No comments:

Post a Comment

Post Top Ad

Your Ad Spot