تازہ ترین

Post Top Ad

Sunday, November 3, 2019

چل آئینہ دکھا دوں تمہیں


تحریر: جناب عبدالرحمن ثاقب سکھر
عمران نیازی نے گذشتہ دنوں جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن پر یہودی ایجنٹ ہونے کا الزام لگایا ہے۔ ویسے تو ایک سربراہ حکومت کی جو زبان ہونی چاہیے وہ عمران نیازی کی قطعاً نہیں وہ تو اول روز سے اب تک یہی سمجھے بیٹھے ہیں کہ وہ اب بھی کنٹینر پر کھڑے ہیں۔ حکمران اپنی رعایا کو نہیں بلکہ ملک دشمن کو للکارا کرتا ہے لیکن عمران نیازی دشمن ملک بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی جو کہ مسلمانوں کا قاتل اور اہل کشمیر پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑنے والا ہے کو للکارتا تو پوری قوم ان کے ساتھ ہوتی افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اس دشمن کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا رہا ہے اور اس کا انتخابات میں کامیاب ہونا پاکستانی کی بھلائی کا ضامن گردانتا رہا ہے۔
اس وقت عمران خان نیازی سربراہ حکومت ہے بہت سے لوگوں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیج چکا ہے اگر ان کے پاس مولانا فضل الرحمٰن کے بارے اور بالخصوص یہود کے ایجنٹ ہونے کے ثبوت ہوتے تو اس وقت مولانا فضل الرحمٰن لاکھوں لوگوں کا آزادی مارچ لے کر اسلام آباد میں ظالم و جابر حکمرانوں کو للکار نہ رہے ہوتے بلکہ زندانوں میں قید ہوتا۔
جناب عمران خان نیازی صاحب اگر آپ کے پاس کوئی ثبوت ہے کہ مولانا فضل الرحمن نے یہودی ایجنٹ ہونے کا کردار ادا کیا ہے یا پھر ملک کے مختلف عہدوں پر فائز رہتے ہوئے کرپشن کی ہے تو پھر دیر کس بات کی ہے جلدی  کیجیے اور عدالت میں ثبوت پیش کرکے مولانا کو گرفتار کروائیے ورنہ آپ جس بڑے عہدے پر فائز ہیں وہاں سے ایک ایک لفظ جو ادا ہونا چاہیے وہ ذمہ داری پر مبنی ہونا چاہیے۔
مجھے علم نہیں کہ مولانا کے بچے کہاں کہاں سے تعلیم حاصل کرتے رہے ہیں البتہ یہ ضرور جانتا ہوں کہ مولانا نے اپنی تعلیم کی تکمیل پاکستان میں رہ کر کی ہے اور مفتی کا کورس بھی کیا ہے۔ علاوہ ازیں کچھ عرصہ تدریس بھی کرتے رہے ہیں۔
جناب عمران نیازی صاحب آپ نے اپنی تعلیم کی تکمیل بیرون ملک سے کی‘ شادی بھی بیرون ملک سے کی‘ اللہ تعالٰی نے آپ کو دو بیٹوں سے نوازا‘ (جن کے آپ اپنا ہونے کے دعویدار ہیں) آپ کا اپنی بیوی سے نباہ نہ ہوسکا اور وہ طلاق لے کر واپس برطانیہ چلی گئی شرعی طور پر آپ کو اپنے بچوں کی کفالت اور پرورش کرنا چاہیے تھی تاکہ ان کی تربیت ایک مسلمان کے انداز میں ہوتی۔ افسوس! آپ نے اپنے بچے اس سابقہ بیوی کی پرورش اور کفالت میں دے دیے جس کا آج مذہب اسلام نہیں بلکہ یہودیت ہے تو وہ آپ کے بچوں کی تربیت اسلام کے مطابق کیسے کرے گی؟ وہ تو ان کو ہرصورت یہودی بنائے گی۔
 دوسری بات آپ جب بھی اپنے بچوں کو ملنے کےلیے برطانیہ جاتے ہیں تو اسی عورت کے گھر ٹھہرتے ہیں۔  یہ کیوں؟ کیا اسلام اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ اپنی مطلقہ کے پاس ٹھہرا جائے؟
دوسروں پر الزام لگانے سے پہلے اپنے کردار کا جائزہ لیجیے۔
کچھ عرصہ قبل برطانیہ میں انتخابات تھے وہان پر ایک پاکستان نژاد مسلمان صادق خان بھی انتخاب میں حصہ لے رہا تھا اور اس کے مقابل آپ کی سابقہ بیوی کا بھائی یعنی آپ کا سابقہ سالہ بھی انتخاب لڑ رہا تھا۔ آپ جناب وہاں تشریف لےگئے اور آپ نے مسلمان کے مقابلہ میں ایک یہودی کی انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیا اب بتائیے کہ آپ کےلیے پیارا مسلمان تھا یا یہودی تھا؟
جی ہاں اگر مولانا فضل الرحمن صاحب میں بھی ایسی باتیں ہیں تو سب کے سامنے رکھیں تاکہ مولانا صاحب کے کردار کا بھی پتہ چلنا چاہیے۔ جناب الزام نہ لگائیے حقائق پیش کیجیے۔
جناب عمران نیازی آپ ریاست مدینہ بنانے کے دعویدار ہیں اور آپ کی اس نام نہاد ریاست مدینہ میں بزرگ اور صاحب علم علماء و مشائخ کو جھوٹی ایف آئی آر درج کرکے گرفتار کرلیا جاتا ہے۔
آج کل عمران نیازی کے حامی بہت سے لوگ مولانا فضل الرحمن پر الزام لگاتے ہیں کہ انہوں نے مسئلہ کشمیر پس پشت ڈال دیا ہے۔ حکومتی مشنری پر عمران نیازی کا کنٹرول ہے اور میڈیا پر پیمرا کے ذریعہ قدغنیں عائد کی جاتی ہیں کہ کس کو ٹی وی پر دکھانا ہے اور کس کو ٹی وی پر دکھانا ممنوع ہے حتی کہ چلتے ہوئے انٹرویوز کو بھی رکوا دیا جاتا ہے تو محترم اسی پیمرا کے ذریعہ ٹی وی چینلز مالکان کو پابند کیوں نہیں کیا جاتا کہ کشمیر کی خبر کو ہر خبرنامہ میں اولیت دینی ہے؟
کیا عمران نیازی نے ننگ انسانیت مودی کی جیت کےلیے نیک تمناؤن کا اظہار نہیں کیا تھا؟ کیا یو این او کی سلامتی کونسل کا رکن بننے کےلیے بھارت کو اس حکومت نے ووٹ نہیں دیا؟ کیا مودوی کو فضائی حدود استعمال کرنے کی نیازی حکومت نے اجازت نہیں دی؟
کیا نیازی حکومت نے  کشمیریوں پر ظلم و ستم اور کرفیو نافذ ہوئے اور کشمیر کی خصوصی اہمیت کو ختم ہوئے تیں ماہ گذر چکے ہیں بھارتی ٹرکوں کو اپنے ملک پاکستان کی سڑکوں کو روندتے ہوئے افغانستان تک جانے کی اجازت نہیں دی ہوئی؟
اور کشمیریوں پر بھارتی ظلم و ستم کو فراموش کرکے بھارتی شہریوں کی سہولت کےلیے کرتارپور راہداری کھولنے کی جلدی کیوں ہے اور آپ کن کی نمائندگی کرتے ہوئے کرتارپور راہداری کےلیے بیتاب ہیں؟
جناب پشاور میٹروبس منصوبہ چار سال کا عرصہ گذر جانے کے باجود مکمل نہیں ہوسکا لیکن کرتارپور راہداری ریکارڈ مدت میں مکمل کرلیتے ہیں آخر اس کی کیا وجہ ہے؟ قوم اس بارے بھی آپ سے سوال کرتی ہے؟
محترم عمران خان نیازی صاحب  پاکستانی عوام محب وطن قوم ہے اور اپنے علماء و مشائخ کا دل سے احترام کرتی ہے لہذا انہیں مولانا فضل الرحمن پر نہین بلکہ آپ پر شک ہوسکتا ہے کیونکہ آپ کے تعلقات یہود سے زیادہ ہیں۔

No comments:

Post a Comment

Post Top Ad

Your Ad Spot