تازہ ترین

Post Top Ad

Sunday, November 24, 2019

کیا عمران نیازی کبھی کنٹینر سے اتر پائیں گے؟؟


تحریر: جناب عبدالرحمن ثاقب سکھر
عمران نیازی کی گفتگو اور اس کے طرز تکلم کو دیکھ کر ہر انسان یہ کہتا ہوا نظر آتا ہے کہ یہ شخص پاکستان کا وزیراعظم بننے اور سولہ ماہ اقتدار کے مزے لوٹنے کے باوجود کنٹینر سے خود کو اتارنے کےلیے تیار نہیں ہے۔ اس کاسافٹ ویئر بھی تبدیل نہیں ہورہا۔ وزارت عظمی جتنا بڑا عہدہ ہے اور جس قدر اس کےلیے سنجیدگی مطلوب ہے شاید کہ عمران نیازی میں موجود نہیں ہے۔ مہذب اور شائستہ گفتگو، عمدہ طرز تکلم اور مخالف کےلیے بھی ایسے الفاظ کا چناؤ کہ سامعین بھی اپنی اپنی کوتاہیاں دور کرنے پر مجبور ہوجائیں۔ گفتگو کسی بھی شخصیت کی آئینہ دار ہوتی ہے اور وہ اس کی پرسنلٹی کو ظاہر کرتی ہے۔ بدقسمتی سے وطن عزیز پر ایسا شخص حکمرانی کررہا ہے جس کو کسی بھی حتی کہ اپنے مقام و مرتبہ اور عہدے کی بھی پرواہ نہیں ہے۔
گذشتہ دنوں حویلیاں اور میانوالی میں عمران نیازی نے اپنی تقریروں مین جو زبان اور لب و لہجہ استعمال کیا ہے وہ یقیناً کسی بھی طور پر کسی سربراہ حکومت کا نہیں ہوسکتا۔ اس سے پہلے بھی ملک کے وزیراعظم آئے وہ بھی اپنے مخالفین پر نشتر چلاتے تھے لیکن جب کرسی اقتدار پر براجمان ہوجاتے تھے تو اپنی زبان کو قابو میں رکھا کرتے تھے۔
جناب عمران نیازی نے جس طرح سے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی بیماری پر تبصرے کیے، بلاول بھٹو کی نقل اتاری اور مولانا فضل الرحمن کے بارے اپنے خیالات کا اظہار کیا وہ کبھی بھی لائق تحسین نہیں گردانے جائین گے بلکہ اس پر تنقید ہی ہوگی۔
جناب عمران نیازی صاحب آپ کے نزدیک اگر میاں نوازشریف بیمار نہیں ہیں تو آپ کو کس کس نے غلط اطلاعات دیں؟ آپ کی پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، آپ کے شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹر اور اسی طرح سے سرکاری ڈاکٹرز کا بورڈ جو آپ کو بیماری کے متعلق اطلاعات دیتا رہا، اس کا مقصد یہ ہوا کہ انہوں نے آپ کو غلط معلومات دیں اور آپ نے ان کی بات پر یقین کرلیا اور اس کے بعد میاں نوازشریف کو خالص انسانی ہمدردی اور طبی بنیادوں پر باہر جاکر علاج کرانے کی اجازت دے دی۔ اس کا مقصد یہ ہوا ان سب نے مل کر آپ اور آپ کی حکومت کے ساتھ کے ہاتھ کردیا ہے؟ تو آپ نے اب تک ان کو ان کے عہدوں پر برقرار کیوں رکھا ہوا بلکہ اب تک تو ان کو معطل کرکے گھر بھیج دینا چاہیے تھا اور فرض شناس افراد کو ان کی جگہوں پر رکھنا چاہیے۔
جناب عمران نیازی لگتا ہے کہ آپ کو کسی نے ایک تصویر دکھا کر گمراہ کیا ہے اور آپ کانوں کے کچے نکلے کہ اس فرد کی بات پر یقین کرلیا کہ نوازشریف جہاز کی سیڑھیاں خود چڑھا حالانکہ اس کو ایمبولینس لفٹر کے ذریعہ سے جہاز پر سوار کروایا گیا ہے۔
جناب عمران نیازی صاحب آپ کو اب یقین آجانا چاہیے کہ آپ تقریبا سولہ ماہ سے ملک کے وزیراعظم ہیں لہذا کنٹینر سے نیچے اتر آئیں اور اپنی زبان اور لحن و دہن کو سنوار لیں اپنا ایک ایک لفظ ذمہ داری سے بولا کریں اور کوئی بھی بات کرنے سے پہلے اس بارے مکمل تحقیق کرلیا کریں تاکہ قوم آپ کی بات کو سنجیدگی سے لیا کرے نہ کہ ہر وقت آپ استہزاء کا شکار بنتے رہا کریں۔

No comments:

Post a Comment

Post Top Ad

Your Ad Spot