تازہ ترین

Post Top Ad

Tuesday, June 30, 2020

حرم مکی میں امامت کے تیس سال

Haram Makki, Imam Haram, Imam Haram Makki, Saud Shuraim

تحریر: جناب ضیاء اللہ چترالی
فضیلة الشیخ سعود بن ابراہیم الشریم کی مسجد الحرم میں امامت کے 30 سال مکمل ہوگئے۔ شیخ صاحب نے اس مناسبت سے یہ شعر ٹوئٹ کیا ہے، جو حضرت شیخ کے ایک عاشق شاعر ثامر مقاطعی نے ان کے بارے میں کہا ہے۔
ثلاثون عاما وصوتك بالهدى يصدح
في وَسَطِ مكة عند البيت المُعظَّمِ
ثلاثون عاما وقلبي قد عُلِّق بصوتِكَ
كما عُلِّقَت السِّوارةُ بالمُعْتصِم
’’تیس برس سے آپ کی آواز سرزمین مکہ میں عظمت والے بیت اللہ کے پاس نغمہ سرا ہے۔ تیس سال ہوگئے میرا دل آپ کی آواز کے ساتھ ایسا چمٹا ہوا ہے، جیسے معتصم کے ساتھ سوارہ چمٹی ہوئی تھی۔‘‘
شیخ سعود الشریم دنیا کے مشہور قاری اور مسجد حرام کے سینئر امام و خطیب ہیں۔ مسجد حرام کے دس سے زائد ائمہ کرام میں شیخ سعود شریم تقویٰ کے سب سے اعلیٰ درجے پر فائز ہیں اور وہ مستجاب الدعوات ولی کامل ہیں، جن کے ہاتھوں سے متعدد بار مختلف کرامات ظاہر ہوئی ہیں۔ مشہور ہے کہ ایک مرتبہ سعودی عرب میں طویل عرصے سے بارشوں کا سلسلہ رک گیا تھا۔ اسی دوران شیخ شریم نے تہجد کی نماز میں سورة الانعام کی تلاوت شروع کر دی۔ جب اس آیت پر پہنچے (ترجمہ)
”اور زمین پر چلنے والا کوئی جاندار ایسا نہیں جس کا رزق خدا تعالیٰ نے اپنے ذمے نہ لے رکھا ہو۔“
تو اس آیت کو شیخ شریم اپنے مخصوص انداز میں بار بار دہراتے رہے اور ان پر رقت طاری ہو گئی۔ ابھی وہ تہجد کی نماز پوری بھی نہ کر پائے تھے کہ موسلادھار بارش شروع ہوگئی۔ شیخ شریم کی یہ کرامت زبان زد عام ہے۔ واضح رہے کہ رمضان المبارک کے دوران مسجد حرام میں تہجد کی نماز باجماعت ادا کی جاتی ہے۔ (عرب جریدہ، رأی الیوم، 5 اپریل 2015)
دنیا میں جن چند قرائے کرام کی تلاوت سب سے زیادہ سنی جاتی ہے، الشیخ سعود الشریم بھی ان میں شامل ہیں۔ مسجد حرام کے سب سے سینئر امام و خطیب اور حرمین انتظامی کمیٹی کے چیئرمین شیخ عبد الرحمن السدیس کا ماننا ہے کہ اس وقت الشیخ سعود الشریم سے زیادہ قرآن کریم کو عمدہ اندازہ میں پڑھنے والا کوئی نہیں۔ شیخ شریم انتہائی پرسوز انداز میں تلاوت کرتے ہیں۔ ان کی آواز میں جو درد و سوز ہے، اس کی مثال ملنا مشکل ہے۔ الشیخ سعود الشریم کی خشیت الٰہی اور تقویٰ کا اثر ہے کہ ان کی تلاوت دل پر اثر کرتی ہے اور پتھر دل شخص کی آنکھوں سے بھی اشکوں کا سیل رواں ہوجاتا ہے۔ وہ قرآن کریم کو بروایت حفص عن عاصم پڑھتے ہیں۔
شیخ اپنے متعلق کہتے ہیں کہ انہوں نے ایام شباب میں وقت ضائع نہیں کیا۔ ان کے بقول انہوں نے قرآن مجید کی سورہ النساء کو صرف ٹریفک سگنل میں انتظار کے وقت زبانی یاد کیا۔
الیخ سعود الشریم اکثر و بیشتر خود بھی دوران تلاوت روتے ہیں اور حاضرین بھی اشکبار ہو جاتے ہیں۔ بسا اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ ان پر اتنی رقت طاری ہو جاتی ہے کہ آیت کا پورا کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اپنی والدہ کی وفات کے روز الشیخ سعود الشریم نے سب سے رقت آمیز نماز پڑھائی تھی، جس میں وہ بڑی مشکل سے سورۂ فاتحہ پوری کر پائے۔ اس تلاوت کی ویڈیو کے علاوہ آڈیو کلپ دنیا بھر میں مقبول ہے۔
الشیخ سعود الشریم اپنی کانوں میں رس گھولنے والی تلاوت کی وجہ سے بے حد پسند کئے جاتے ہیں۔ خصوصاً عرب نوجوان ان سے والہانہ عقیدت رکھتے ہیں۔ ٹیوٹر میں ان کے فالوورز کی تعداد تین ملین سے زائد ہے۔ جبکہ فیس بک میں ”عشاق الشیخ الشریم“ اور ”محبی الشیخ الشریم“ کے نام سے ان سے عشق کی حد تک محبت کرنے والے عرب نوجوانوں نے مختلف پیجز بنا رکھے ہیں۔
الشیخ سعود الشریم 19 جنوری 1964ء کو سعودی دارالحکومت ریاض میں پیدا ہوئے۔ ان کا آبائی تعلق نجد کے شہر شقراء کے قحطان قبیلے سے ہے۔ ان کے دادا محمد بن اہراہیم الشریم شقراء کے گورنر تھے۔ شیخ شریم نے ابتدائی تعلیم عرین کے اسکول میں حاصل کی اور مڈل کے لیے نموذجیہ اسکول میں داخلہ لیا اور 1404ھ میں سیکنڈری کی تعلیم سے فارغ ہوئے۔
الشیخ سعود شریم نے اعلیٰ تعلیم کے لیے ریاض میں واقع امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ عقیدہ و معاصر مذاہب میں داخلہ لیا اور سال 1409ھ میں یہاں سے فراغت حاصل کی۔ 1410ھ میں ہائر انسٹی ٹیوٹ آف جسٹس میں داخلہ لیا اور وہاں سے 1413ھ میں امتیازی درجات سے ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔ 1416ھ میں ام القری یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ پی ایچ ڈی میں ان کے مقالے کا عنوان ”المسالک فی المناسک“ تھا۔ اس مقالے کے نگران اعلیٰ سعودی مفتی اعظم شیخ عبد العزیز آل شیخ تھے۔ ان کے اس مقالے کو کتابی شکل میں بڑی تعداد میں چھاپا گیا۔
الشیخ سعود الشریم نے الشیخ عبد العزیز بن باز، شیخ عبد العزیز بن عقیل، شیخ عبد الرحمن البراک، شیخ عبد العزیز الراجحی اور شیخ صالح بن فوزان الفوزان جیسے بڑے اساتذہ کرام سے استفادہ کیا۔ 1410ھ میں شیخ شریم ہائر انسٹی ٹیوٹ آف جسٹس میں مدرس کی حیثیت سے مقرر ہوئے۔ 1411ھ میں سعودی فرمانروا کی جانب سے حرم مکی میں آپ کے امام و خطیب مقرر کئے جانے کا فرمان جاری ہوا۔ جبکہ وہ اس سے پہلے دارالحکومت ریاض میں ایک مشہور امام تھے۔
الشیخ سعود الشریم نے جب پہلی بار ریاض کی مسجد میں نماز پڑھائی تو ان کی تلاوت کو بے حد پسند کیا گیا۔ اس دوران ان کی اہلیہ نے ایک خواب دیکھ کر انہیں خوشخبری سنائی کہ وہ مسجد حرام کے امام بن جائیں گے۔ اس وقت الشیخ سعود شریم کے وہم وگمان میں نہ تھا کہ انہیں یہ سعادت عظمیٰ نصیب ہوگی، مگر چند برس گزرنے کے بعد ان کی اہلیہ کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گیا۔
1411ھ میں مسجد حرام میں امامت کے ساتھ درس و تدریس کی خدمات کے لیے آپ کے نام شاہی فرمان جاری ہوا۔ یوں انہیں اس منصب جلیلہ پر فائز ہوئے اب 30 برس مکمل ہوگئے۔
الشیخ سعود الشریم مسجد حرام میں امامت وخطابت کے فرائض کے ساتھ ساتھ ام القریٰ یونیورسٹی کی شریعہ فیکلٹی میں ڈین اور استاد فقہ کی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔  الشیخ سعود الشریم عربی کے مشہور شاعر سلیمان بن شریم کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ اور وہ خود بھی ایک مایہ ناز شاعر ہیں۔ آپ ایک بہترین انشاء پرداز، ادیب، ماہر خطیب اور مصنف بھی ہیں۔ ان کے قلم سے دینی موضوعات پر 13 کتابیں چھپ کر قارئین سے داد وصول کر چکی ہیں۔ حرم شریف میں ان کے دیئے گئے بلیغ خطبات بھی چھپ کر منظر عام پر آچکے ہیں۔ وہ مسجد حرام میں کئی خطبے اشعار کی صورت بھی دے چکے ہیں۔ جن میں صلوٰة الاستسقاء کا خطبہ بہت مشہور ہے، جس میں انہوں نے قصیدے کی صورت میں نہایت بلیغ انداز اور رقت آمیز انداز میں بارش کی دعا مانگی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:   کرونا کا عذاب کیوں آیا؟!
الشیخ سعود الشریم نے اپنی والدہ محترمہ کی وفات پر بھی شیخ شریم نے انتہائی رقت آمیز مرثیہ لکھا ہے۔ ان کا قصیدة النزق، قصیدة الامعة اور قصیدة الاستسقاء عربی ادب میں ان کی مہارت اور انشاء پردازی میں تفوق کی بین دلیل ہیں۔ شیخ نے عالمی وبا کورونا پر بھی عمدہ اشعار ڈھالے ہیں۔ جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکے ہیں۔
باقی ائمہ حرم کے برعکس الشیخ سعود الشریم اپنے خطبوں اور ٹویٹر میں سعودی حکومت کی پالیسیوں کے بارے میں اظہار خیال کرتے رہے ہیں۔ عالم اسلام کی موجودہ صورتحال خصوصاً شام کے حالات کا وہ اپنے خطبوں میں ذکر کرتے رہتے ہیں۔ شامی مظلومین کا ذکر وہ انتہائی رقت آمیز انداز میں کرتے ہیں اور حرم شریف میں ان کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرتے ہیں۔



  نوٹ:
            مقالہ نگار کے ساتھ’’انتخاب اردو‘‘ ٹیم کا اتفاق رائے رکھنا ضروری نہیں ہے۔
            سائٹ پر کوئی اشتہار دیا گیا تو نیک نیتی کی بنیاد پر دیا جاتا ہے، مشتہر کے ساتھ لین دین وغیرہ معاملات کے ذمہ دار نہیں۔
            آپ بھی اپنی تحریروں کو ’’انتخاب اردو‘‘ کی زینت بنانا چاہیں تو ای میل کریں:
             intikhaburdu@gmail.com




No comments:

Post a Comment

Post Top Ad

Your Ad Spot